ماسکو کنسرٹ ہال حملہ، 100 افراد کی جان بچانے والے 15 سالہ اسلام خلیلوف کی ویڈیو وائرل

ماسکو کنسرٹ ہال حملہ، 100 افراد کی جان بچانے والے 15 سالہ اسلام خلیلوف کی ویڈیو وائرل

روس کے دارالحکومت ماسکو کے کنسرٹ ہال پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران 100 سے زائد افراد کو باحفاظت نکالنے والے 15 سالہ اسلام خلیلوف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

جمعے کو ماسکو کے کراکس ہال میں کنسرٹ کے دوران مسلح شخص کی فائرنگ اور بم حملے میں 137 افراد ہلاک اور 182 زخمی ہوگئے تھے۔

تاہم اب اس حادثے کے وقت کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں 15 سالہ نوجوان کو کراکس ہال میں موجود افراد کو باحفاظت نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام خلیلوف کراکس ہال لانڈری میں پارٹ ٹائم جاب کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 15 سالہ نوجوان حملے کے وقت کنسرٹ میں موجود لوگوں کو باحفاظت ہال سے ایمرجنسی ایکزیٹ کے ذریعے باہر نکالنے کا راستہ دکھا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام خلیلوف کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت اس کے ذہن میں صرف وہ تکینک تھی جو اس نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کے لیے لی گئی تربیت کے دوران سیکھی تھی اور وہ چاہتا تھا کہ زیادہ سے زیادہ افراد کی مدد کرسکے تاکہ وہ باحفاظت اس جگہ سے نکل سکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام خلیلوف حملے کے وقت کراکس ہال کے ایک کمرے میں کام کر رہا تھا کہ اچانک اس نے خوفزدہ افراد کی چیخ و پکار سنی، کمرے سے باہر آکر دیکھا تو لوگوں کی بڑی تعداد سیڑھیوں اور ایسکلیٹرز کی طرف بڑھ رہی تھی۔

اس نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں فوراً ایمرجنسی ایگزٹ کا راستہ دکھایا۔ اس نے تقریباً 100 سے زائد افراد کو وہاں سے نکالنے میں مدد کی۔

Scroll to Top