پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار عمر عالم شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
عمر عالم کا نکاح فضا سے ہوا اور نکاح کی تقریب میں صرف قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔
اداکار نے اپنی زندگی کے اس اہم موقع پر آسمانی رنگ کی شیروانی پہنی جبکہ ان کی دلہنیا گلابی رنگ کے عروسی لباس میں نظر آئی۔
نکاح کے فوٹو شوٹ کے لیے جوڑے کو سمندر کنارے قدرت کے دلکش نظاروں کے درمیان مختلف پوز دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکار کے نکاح کا خوبصورت فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جسے صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور مبارک باد بھی دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اداکار عمر عالم شوبز انڈسٹری کا ابھرتا ہوا نام ہیں۔
انہوں نے رئیلٹی شو ’تماشہ‘ سیزن 1 سے شہرت حاصل کی جبکہ ان کے مشہور ڈراموں میں پہلی سی محبت، رقصِ بسمل، گُرو سمیت دیگر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اُنہوں نے فیچر فلم پرچی اور کرائم تھرلر ٹکسالی گیٹ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2024ء میں عمر عالم کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے اپنی محبوبہ کو دورانِ پرواز شادی کی پیشکش کی تھی جبکہ اس سے قبل انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں اپنی شادی کا اعلان کیا تھا اور یہ بھی بتایا تھا کہ ہونے والی اہلیہ کا تعلق شوبز سے نہیں ہے۔




