شہیرا جلیل الباسط نے اپنے آنے والے پروجیکٹس سے پردہ اُٹھا دیا

شہیرا جلیل الباسط نے اپنے آنے والے پروجیکٹس سے پردہ اُٹھا دیا

— اسکرین گریب

ڈرامہ سیریل ’رضیہ‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی پاکستانی اداکارہ شہیرا جلیل الباسط نے اپنے آنے والے پروجیکٹس سے پردہ اُٹھا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ’فاطمہ جناح‘ نامی ویب سیریز کے پہلے سیزن کی شوٹنگ اپریل میں مکمل ہوئی ہے جس میں انہوں نے جواہر لال نہرو کی بہن کا کردار نبھایا ہے جبکہ ایک اور پروجیکٹ ’خان‘ بھی جلد نشر کیا جائے گا، جس میں انہوں نے آمنہ کا کردار نبھایا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی ذہین اداکارہ نے 2018 سے قبل فل برائٹ اسکالر شپ پر امریکا سے ماسٹر مکمل کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پیدائش سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی، ان کے والد یوسی ناظم رہے ہیں اور وہ 2018 سے قبل فل برائٹ اسکالر شپ پر تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی تھیں۔

امریکا میں انہوں نے فلسطینیوں کے حقوق کی جدوجہد کی، جس وجہ سے ان کا نام ایک ایسی آرگنائزیشن میں شامل کیا گیا، جسے فلسطینیوں کے حقوق پر بات کرنے کی وجہ سے دہشت گرد تسلیم کیا جاتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق امریکا سے واپسی کے بعد انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پبلک ایڈمنسٹریشن کی ملازمت کی، جسے چھوڑ کر انہوں نے اداکاری شروع کی۔

شہیرا جلیل الباسط نے بتایا کہ 2018 میں امریکی اسکول میں فائرنگ میں ہلاک ہونے والی سبیکا شیخ ان کی کزن تھیں، جنہیں انہوں نے منتیں کرکے وہاں اسکالر شپ پر پڑھنے کے لیے بھیجا تھا۔

Scroll to Top