شاہ رخ خان فلم ’ڈنکی‘ سے پہلے راجکمار ہیرانی کی کن 2 ہٹ فلموں میں کام نہیں کرسکے؟

شاہ رخ خان فلم ’ڈنکی‘ سے پہلے راجکمار ہیرانی کی کن 2 ہٹ فلموں میں کام نہیں کرسکے؟

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ فلم ’ڈنکی‘ سے پہلے راجکمار ہیرانی نے مجھے دو فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کی لیکن میں اس وقت ان فلموں میں کام نہیں کرسکا اور دونوں ہی ہٹ ہوگئیں۔

شاہ رخ خان نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ فلم’ڈنکی‘ کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے فلم’منّہ بھائی ایم بی بی ایس‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس فلم میں کام کرنے کے لیے میں اسکرپٹ پڑھے بغیر ہی راضی ہوگیا تھا لیکن  میں اپنی کمر کی تکلیف اور آپریشن کی وجہ سے یہ فلم نہیں کرسکا اور وہ سُپر ہٹ ثابت ہوئی۔

اداکار نے بتایا کہ اس کے بعد فلم’تھری ایڈیٹس‘ میں کام کرنے کی بھی پیشکش ہوئی اور میں اس فلم میں کام کرنے کے لیے بھی راضی تھا مگر کر نہیں سکا پھر اس میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا اور آج وہ ان کے کیریئر کی کامیاب فلموں میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ راجکمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ تاپسی پنوں، وکی کوشل، بومن ایرانی اور دیگر نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈنکی شاہ رخ خان کی ایک سال میں تیسری فلم ہے، جو 100 کروڑ کلب کا حصّہ بنی ہے۔

کامیڈی ،ڈرامہ اور ایکشن فلم ڈنکی غیر قانونی طور پر ملک چھوڑنے کی کہانی پر مبنی ہے،جس میں حب الوطنی کا تڑکا بھی لگایا گیا ہے۔

Scroll to Top