بالی ووڈ اداکار سیلینا جیٹلی نے ذاتی زندگی کے مشکل ترین دور پر کھل کر بات کی اور کہا کہ میں اکیلے میں روئی ہوں، خود سے ہار تک مان لی تھی۔
44 سالہ سیلینا جیٹلی نے آخری بار 2011ء میں رومانوی کامیڈی فلم ’ تھینک یو‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے طلاق کی جنگ پر خاموشی توڑ دی اور بتایا کہ وہ اس عرصے میں شدید جذباتی دباؤ سے گزری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلاق، قانونی تنازع اور خاندانی مسائل کی وجہ سے میں کئی بار اکیلے میں روئی ہوں بلکہ خود سے ہار ماننے کے قریب پہنچ گئی تھی۔
سیلینا جیٹلی نے اپنے شوہر پیٹر ہیگ پر گھریلو تشدد ، ظلم اور ذہنی دباؤ کے الزامات لگائے اور بتایا کہ میرا بھائی وکرانت جیٹلی بھی یو اے ای میں زیر حراست ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے خود کو سنبھالا اور آہستہ آہستہ خود کو درست کیا اور مضبوطی کے ساتھ سفر جاری رکھا، یہی وجہ ہے کہ میں آج خوش بھی ہوں اور باہمت اور خود انحصاری پر مبنی زندگی گزار رہی ہوں۔
بالی ووڈ اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے لوگوں کو پیغام دیا کہ وہ مشکل وقت میں خود پر توجہ دیں، دنیا کے پیچھے نہ بھاگیں بلکہ خود میں اندرونی طاقت پیدا کریں۔




