محکمۂ صحت سندھ کی لیبارٹری سرویلنس نے رواں سال صوبے بھر میں منکی پاکس کے مصدقہ کیسز سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
صوبائی محکمۂ صحت کے مطابق سندھ میں ایم پاکس کے 93 مصدقہ کیسز، جبکہ ایم پاکس سے11 اموات رپورٹ ہوئیں۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایم پاکس کے تصدیق شدہ کیسز میں 70 مرد اور 23 خواتین شامل تھیں، جبکہ سب سے زیادہ کیسز 30 سے39 سال عمر کے افراد میں رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 9 سال تک عمر کے پچوں میں ایم پاکس کے 23 کیسز، جبکہ 20 سے29 سال عمر کے افراد میں ایم پاکس کے 18 کیسز رپورٹ ہوئے۔
کراچی میں 26، خیرپور میں 22، سکھر میں 9 ایم پاکس کیسز سامنے آئے۔
سندھ میں رواں سال اپریل میں ایم پاکس کے سب سے زیادہ 31 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ ستمبر میں ایم پاکس کے 20 اور اگست میں 17 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اسٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال میں ایم پاکس کے 20 کیسز کے ٹیسٹ اور سیمپل لیے گئے جبکہ ہوم وزٹس کے ذریعے ایم پاکس کے 26 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمۂ صحت سندھ نے شہریوں کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی مرکز سے رجوع کریں۔



