دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی تازہ فہرست جاری، سنگاپور نے پھر

دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی تازہ فہرست جاری، سنگاپور نے پھر

ہینلے اینڈ پارٹنرز نے 2026 کی دوسری ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں سنگاپور نے ایک بار پھر پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ پاکستان 100ویں نمبر پر موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے، جس کے حامل افراد 192 ممالک میں بغیر ویزا یا آسان ویزا سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔

فہرست میں متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان تینوں ممالک کے شہری 188 ممالک میں ویزا فری یا آسان رسائی کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، جبکہ یورپی ملک سوئیڈن 187 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

چوتھے نمبر پر بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین شامل ہیں، جن کے پاسپورٹ ہولڈرز 186 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔ اسی طرح آسٹریا، یونان، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر رہے، جن کے حامل افراد کو 185 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی پاسپورٹ، جو ایک وقت میں دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سمجھا جاتا تھا، اب دسویں نمبر پر آ گیا ہے، جو عالمی درجہ بندی میں اس کی گرتی ہوئی پوزیشن کی عکاسی کرتا ہے۔

ہینلے اینڈ پارٹنرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ گزشتہ ایک دہائی کے دوران سب سے زیادہ ترقی کرنے والا پاسپورٹ رہا ہے، جس کی عالمی رینکنگ میں 40 درجے بہتری آئی اور اب یہ دنیا کے دوسرے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شامل ہو چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ 100ویں نمبر پر ہے، جس کے حامل افراد تقریباً 30 ممالک میں ویزا فری یا آسان ویزا سہولت کے تحت سفر کر سکتے ہیں۔ اس طرح پاکستان کمزور ترین پاسپورٹس رکھنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر شمار کیا گیا ہے۔

پاکستان سے نیچے عراق 101ویں، شام 102ویں اور افغانستان 103ویں نمبر پر موجود ہیں۔ اسی طرح یمن 99ویں، صومالیہ 98ویں، نیپال 97ویں، شمالی کوریا اور بنگلا دیش 96ویں، فلسطین اور ایران 95ویں، اریٹیریا 94ویں جبکہ سری لنکا اور لیبیا 93ویں نمبر پر رہے۔

ہینلے اینڈ پارٹنرز کی یہ سالانہ درجہ بندی دنیا بھر کے پاسپورٹس کو ان ممالک کی تعداد کی بنیاد پر مرتب کرتی ہے، جہاں متعلقہ ملک کے شہری بغیر ویزا یا آسان ویزا سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، اور اسے عالمی سطح پر پاسپورٹ کی طاقت کا اہم پیمانہ تصور کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top