اسلام آباد:
شہداء اور غازیوں کی سرزمین جہلم میں پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے اکرم شہید پارک میں قومی پرچم لہرایا۔ قومی پرچم لہرانے کے موقع پر اعزازی بگل کی سلامی بھی دی گئی۔تقریب کا آغاز اکرم شہید پارک میں ہوا، جہاں وزیر مملکت نے میجر اکرم شہید (نشان حیدر) کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران، سکول کے بچوں اور شہریوں کے ساتھ مل کر کئی سو فٹ لمبا پاکستانی پرچم بھی لہرایا۔ اپنے خطاب میں بلال اظہر کیانی نے قوم کو 78ویں یوم آزادی اور ”معرکہِ حق“ کی فتح کی دوہری خوشی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی ہمارے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ان عظیم بزرگوں، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کیا جو قوم کی آزادی پر مرمٹے۔انہوں نے تحریک پاکستان کے تمام قائدین اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا، جن میں بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح بھی شامل ہیں، اور کہا کہ ان کی دور اندیشی اور ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد کی وجہ سے آج ہم آزاد ہیں۔بلال اظہر کیانی نے 14 اگست 1947 اور 10 مئی 2025 کی تاریخوں کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک تاریخ آزادی کی ہے اور دوسری آزادی کے تحفظ کی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جنرل ساحر شمشاد، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شیروں اور شاہینوں نے دشمن کے دانتوں سمیت اس کے غرور کے سارے بت توڑ دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر فوج نے ایسا منظر بنا دیا کہ بھارتی طیارے فضاؤں اور بھارتی بری فوج میدان میں نکلنے کے قابل ہی نہیں رہی۔ ”الحمدللہ، ہم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کی امانت، پاکستان کی آزادی کی حفاظت کر سکتے ہیں۔“ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے، وزیر مملکت نے کہا کہ قوم نے ہر محاذ پر جنگ جیتی ہے، جس میں معاشی جنگ میں ڈیفالٹ اور مہنگائی کے خلاف کامیابی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد اب معاشی ترقی کا محاذ فتح کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موڈیز کی جانب سے گزشتہ روز پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا اعلان یوم آزادی پر ایک اور مبارکباد ہے، جو فچ اور سٹینڈرڈ اینڈ پورز کی ریٹنگز کی طرح معاشی معرکہِ حق میں کامیابیوں کا سنگ میل ہے۔ انہوں نے اس پر قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ”جغرافیائی سالمیت کی طرح، معاشی سالمیت کو بھی ناقابل تسخیر بنایا جائے گا۔“تقریب میں مسلم لیگی رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، دیگر رہنماؤں، کارکنوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی، جہاں پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور ایک منٹ تک سائرن بجائے گئے۔ آزادی کی خوشی میں کبوتر آزاد کئے گئے اور بلال اظہر کیانی نے پودا بھی لگایا۔ سکول کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے۔بلال اظہر کیانی نے جہلم کو پاکستان کی آزادی کی حفاظت کرنے والے شیروں اور شاہینوں کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کیپٹن حسنین اختر، سپاہی مرزا جواد اور پولیس سپاہی حیدر علی حسین کو خاص طور پر سلام پیش کیا جو وطن پر شہید ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کے ہر قبرستان میں لہراتا ہوا پرچم اس بات کا اعلان ہے کہ ”شہادت اور آزادی کے سوا ہمیں کچھ اور قبول نہیں۔“