تیسرا ون ڈے: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو وائٹ واش

تیسرا ون ڈے: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو وائٹ واش

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں بھی شکست دے کر سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کردیا۔

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 42 اوورز میں 271 رنز ہی بنا سکی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹاپ اسکورر  کلاسن رہے ، انہوں نے 43 بالز میں 81  رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوربن بوش 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سفیان مقیم نے 52 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کے سنچورین صائم ایوب نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد حسنین بھی ایک ہی وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹوں پر 308 رنز بنائے، میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد 47 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا۔

پاکستانی اوپنر صائم ایوب سنچری بنانے میں کامیاب رہے، وہ 94 گیندوں پر 101رنز بنانے میں کامیاب رہے، اپنی اننگز میں انہوں نے 13 چوکے، 2  چھکے لگائے، اس ون ڈے سیریز میں اُن کی یہ دوسری تین ہندسوں کی اننگز ہے۔

اسٹار بیٹر بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عبداللّٰہ شفیق نے مسلسل تیسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بنایا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔  قومی اوپنر عبداللّٰہ شفیق ایک مرتبہ پھر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور صائم ایوب نے 114 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ 

بابر 71 گیندوں پر 52 رنز بنانے کے بعد 115 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے، لیکن وکٹ کی دوسری جانب موجود صائم ایوب نے کپتان محمد رضوان کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور 93 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ 

اس دوران صائم ایوب نے سیریز میں دوسری جبکہ اپنے کیریئر کی تیسری سنچری بنا ڈالی۔ وہ 208 کے مجموعے پر 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انکی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، نائب کپتان سلمان آغا کے 48 اور طیب طاہر کے 28 رنز کے ساتھ پاکستان نے 308 رنز بنالیے۔

 رابادا نے تین، مارکو ینسین اور فوٹیون نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں جہاں عرفان نیازی، حارث رؤف اور ابرار احمد کی جگہ پر طیب طاہر، محمد حسنین اور سفیان مقیم کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

قومی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور سفیان مقیم شامل تھے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ پچ میں نمی ہے، ہم ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرتے۔

محمد رضوان نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارے لیے ہر میچز اہم ہے، ہم چیمپیئن ٹیم بننا چاہتے ہیں۔ فرق نہیں پڑتا کون ٹیم میں ان ہے کون آؤٹ، ہم جیتنا چاہتے ہیں۔

میچ سے قبل جوہانسبرگ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا۔

جوہانسبرگ میں گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے قومی ٹیم نے انڈور ٹریننگ کی تھی۔

Scroll to Top