بی او جی کی تشکیل: ذکا اشرف، پی سی بی الیکشن کمشنر کل فواد حسن فواد سے ملاقات کریں گے

بی او جی کی تشکیل: ذکا اشرف، پی سی بی الیکشن کمشنر کل فواد حسن فواد سے ملاقات کریں گے


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کی تشکیل اور الیکشن کا عمل مکمل کرنے کے معاملے پر چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور پی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور بدھ کو وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فواد حسن فواد سے ملاقات کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا، وہ بغیر مستقل منتخب چیئرمین کے کام کررہا ہے، دسمبر 2022 میں پہلے نجم سیٹھی اور پھر 2023 جولائی میں ذکا اشرف کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

گوکہ نجم سیٹھی کے دور میں بی او جی کی تشکیل کو نوٹیفائی کردیا گیا تھا لیکن اس وقت کے وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے اس کو مسترد کردیا تھا، یکے بعد دیگرے قانونی کیسز کے بعد حکومت نے روزمرہ کے معاملات چلانے کیلئے ذکا اشرف کی سربراہی میں نئی مینجمنٹ کمیٹی جولائی 2023 میں تشکیل دی تھی۔

ذکا اشرف کی بطور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی مدت چار فروری کو ختم ہورہی ہے اور انہیں اس سے قبل پی سی بی کے الیکشن مکمل کرانا ہیں جس کیلئے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل ضروری ہے۔

مینجمنٹ کمیٹی نے اس بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کیلئے منگل کو کراچی میں اجلاس طلب کیا تھا تاہم آئی پی سی منسٹری کے خط کے بعد اس اجلاس کو ملتوی کردیا گیا جس کی وجہ لاہور ہائی کورٹ کا ایک فیصلہ ہے جس کی روشنی میں پی سی بی کا بورڈ آف گورنر بنانے کا اختیار مینجمنٹ کمیٹی کے بجائے الیکشن کمشنر شاہ خاور کے پاس ہے۔

وفاقی وزیر آئی پی سی فواد حسن فواد نے جیو نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں عہدیداران کو کل ملاقات کیلئے بلایا ہے جس میں بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے معاملے پر بات ہوگی۔

Scroll to Top