ایک فلسطینی خاتون نے اپنے بیٹے کی پیدائش کے وقت خوفناک صورتحال سے متعلق بتایا کہ بیٹے کی پیدائش کے وقت آپریشن تھیٹر اسرائیلی بمباری کی آوازوں سے لرز رہا تھا۔
فلسطینی خاتون امل العبادیہ کے دوسرے بیٹے محمد کی پیدائش 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے روز ہوئی تھی۔
امل العبادیہ نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے خوفناک دن تھا۔ اسرائیلی حملوں کے دوران انہوں نے محمد کو جنم دیا اور بمباری کی آوازوں سے آپریشن تھیٹر لرز رہا تھا۔
تین سال بعد امل اپنے بیٹے محمد اور دوسرے بیٹے نوح کے ساتھ المواصی کے ایک پناہ گزین کیمپ میں اس کی تیسری سالگرہ منا رہی ہیں۔ ان کا ارادہ ہے کہ محمد کی سالگرہ پر کیک بھی کاٹا جائے۔
امل کے مطابق ان کی روزمرہ زندگی مسلسل مشکلات کا سامنا کرنے میں گزر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر صبح یہ سوچ کر آنکھ کھلتی ہے کہ آیا وہ دن گزار پائیں گے، کھانے کو کیا ملے گا اور کیا آج پانی کا ٹرک آئے گا۔
فلسطینی خاتون امل کا کہنا ہے کہ ان کے دونوں بیٹے ابھی اتنے چھوٹے ہیں کہ صورتحال کو پوری طرح سمجھ نہیں سکتے، تاہم راکٹوں کی آواز سنتے ہی انہیں اندازہ ہوجاتا ہے کہ خطرہ ہے۔ بچے خوفزدہ ہوکر ان کے پاس بھاگتے ہیں اور کہتے ہیں، ’’ماما، ہمیں ڈر لگ رہا ہے۔‘‘




