بھارتی ریاست گجرات میں تیز بارشوں کی وجہ سے نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بارش سے شدید متاثرہ اضلاع میں کچ، جام نگر، پور بندر، راجکوٹ شامل ہیں جہاں شدید بارشوں کی وجہ سے اب تعلیمی ادارے بند اور بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور آج بھی گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہونے کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق تیز بارشوں کے بعد ریاست گجرات کے کئی گاوں سیلاب کی زد میں آگئے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں موجود افراد کو محفوظ مقا م پر منتقل کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گجرات میں رواں سال مون سون میں شدید بارشوں کے سبب مختلف واقعات میں اب تک 99 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔بھارتی محکمہ موسمیات نے یکم ستمبر تک ریاست گجرات میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔اس کے علاوہ، بھارتی دارالحکومت نئی دلی، جنوبی راجستھان، کونکن اور گوا میں بھی آج ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ کچھ مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔