برطانیہ میں طوفان فلورِس کے باعث ٹرینیں منسوخ، تقریبات ملتوی

برطانیہ میں طوفان فلورِس کے باعث ٹرینیں منسوخ، تقریبات ملتوی
تصویر سوشل میڈیا۔

طوفان فلورِس کے باعث برطانیہ میں ٹرینیں منسوخ اور تقریبات ملتوی کر دی گئیں۔ لندن سے برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے کئی علاقوں کے لیے طوفان اور تیز ہوائیں چلنے کی ایمبر وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق طوفان فلورِس کے باعث برطانیہ میں ہوا اور بارش کا زور ہے، طوفان فلورِس آج اسکاٹ لینڈ، شمالی آئر لینڈ، ویلز اور شمالی انگلینڈ میں غیر موسمی شدید ہوائیں لا رہا ہے۔ 

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے بڑے حصوں میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ ہو چکی ہے۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی انگلینڈ، ویلز، شمالی آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ کیلیے صبح چھ بجے سے یلو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق نیو کیسل کے شمال میں ایسٹ کوسٹ مین لائن کی سروسز منسوخ کر دی گئی، مغربی جانب پریسٹن کے شمال میں ریلوے مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ گلاسگو سے اسکاٹش جزیروں کی جانب پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ 

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے ایڈنبرا میں پرنسز اسٹریٹ گارڈنز بند کر دیا گیا ہے، جبکہ نارتھ بیروک میں ہونے والا آج کا فرنج بائے دی سی فیسٹیول بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرائیوروں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، طوفان اور تیز ہواؤں سے نظام زندگی میں بڑے پیمانے پر خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔

Scroll to Top