ایران اور امریکا کے درمیان عمان میں بالواسطہ مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔
ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مسئلے پر بالواسطہ مذاکرات عمان کے دارالحکومت مسقط میں جاری ہیں۔ ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کر رہے ہیں جبکہ امریکی وفد کی سربراہی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے سپرد ہے۔
عمان کے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام پر کنٹرول کے بدلے امریکی پابندیوں میں نرمی، قیدیوں کے تبادلے اور علاقائی کشیدگی میں کمی پر بات ہوگی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران امریکا بات چیت علاقائی کشیدگی میں کمی کروانے پر مرکوز ہوگی، قیدیوں کا تبادلہ بھی بات چیت میں شامل ہے، ایرانی جوہری پروگرام پر کنٹرول کے بدلے امریکی پابندیوں میں نرمی پر بات چیت جاری ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کے ساتھ بالواسطہ جوہری مذاکرات کےلیے ایرانی وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایرانی وفد عمان میں موجود ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جوہری مذاکرات سے چند گھنٹے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری ٹی وی پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہماری نیت مساوی بنیاد پر منصفانہ، باعزت معاہدے تک پہنچنا ہے، دوسرا فریق بھی اسی نیت سے آئے، تو ابتدائی مفاہمت ممکن ہے جو مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مسقط میں عمانی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں
تہران اور مسقط کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو سراہا، عباس عراقچی نے خطے کے مسائل پر مسقط کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کی۔