ایرانی صدر مسعود پز شکیان لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم کا پرتباک استقبال

ایرانی صدر مسعود پز شکیان لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم کا پرتباک استقبال

ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے، ان کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر اترا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر لاہور پہنچے جہاں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جس کے بعد تینوں شخصیات ایک ہی گاڑی میں ایئرپورٹ سے روانہ ہوئیں۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو لاہور ایئرپورٹ پر بچوں نے گلدستے پیش کیے جس پر ایرانی صدر نے بچوں سے اظہار شفقت کیا اور پرتپاک استقبال پر صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
ایرانی صدر کے استقبال کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھرپور تیاری کی گئی تھی، ایئر پورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا اور ایرانی صدر کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بھی بچھایا گیا تھا۔
ایرانی صدر کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت کئی وزرا اور اعلیٰ حکام کا وفد بھی آیا ہے۔ایرانی صدر نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر وزرا بھی اس موقع پر موجود تھے, ایرانی صدر نے مزار اقبال پر فاتحہ پڑھی، پھول رکھے اور کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔
ایرانی صدر مزار اقبال پر حاضری کے بعد اسلام آباد پہنچ گے، جہاں نور خان ایئر بیس پر اترنے کے بعد وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ودیگر نے ان کا پرتباک استقبال کیا گیا، پاک فضائیہ کے جوانوں نے مہمان خصوصی سلامی پیش کی، وزیراعظم کی جانب سے آج ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت بھی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، ایرانی صدر کی آج شام ہی صدر آصف علی زرداری اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

Scroll to Top