انتھونی البانیز، پہلے آسٹریلوی وزیر اعظم جنہوں نے عہدے پر فائز رہتے ہوئے منگنی کرلی

انتھونی البانیز، پہلے آسٹریلوی وزیر اعظم جنہوں نے عہدے پر فائز رہتے ہوئے منگنی کرلی

—- تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز اپنی گرل فرینڈ جوڈی ہیڈن سے منگنی کرکے پہلے وزیر اعظم بن گئے جنہوں نے عہدے پر رہتے ہوئے منگنی کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر گزشتہ روز 60 سالہ انتھونی البانیز نے مختلف پوسٹ شیئر کرکے اپنی منگنی کا اعلان کیا ہے۔

پہلے انہوں نے اپنی اور جوڈی ہیڈن کی سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ساتھ ہی صارفین کو بتایا کہ جوڈی ہیڈن نے شادی کے لیے ہاں کر دی ہے۔

بعدازاں انہوں نے ایک اور پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ ویلنٹائن ڈے کے یاد گار موقع پر ’لاج‘ (وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ) میں منعقدہ تقریب میں قریبی دوست احباب و عزیز و اقارب کی موجودگی میں ان دونوں نے منگنی کرلی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں آسٹریلوی وزیر اعظم اور ان کی منگیتر جوڈی ہیڈن کو انٹرویو دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں انہوں نے اپنی منگنی کا اعلان کیا اور زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کے لیے پُرعزم بھی نظر آئے۔

انتھونی البانیز نے منگنی کی مختصر تقریب کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر انہوں نے جوڈی ہیڈن کو وہ انگوٹھی پہنائی جسے خصوصی طور پر انہوں نے خود ڈیزائن کروایا ہے۔

ویڈیو میں جوڈی ہیڈن نے بتایا کہ وہ اپنے قریبی لوگوں کے علاوہ وہ لوگ بھی مبارکباد دے رہے ہیں جنہیں جانتی ہی نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں منگنی پر ملنے والی ان تمام ہی مبارکبادوں پر بےحد خوش ہوں۔ ان دونوں نے تمام دعاؤں اور نیک خواہشات پر تشکر کا اظہار کیا۔

تاہم اس جوڑے نے شادی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ شادی کے حوالے سے کچھ بھی کہنا بہت جلدی ہوگا، ہم بس آج میں جینا چاہتے ہیں، ہمیں اس حوالے سے بہت سئ منصوبہ بندی کرنی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیوی وزیر اعظم  انتھونی البانیز کے  23 سالہ بیٹے نے جوڈی ہیڈن کے ساتھ اپنے والد کے تعلقات کے بارے میں بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے والد اور جوڈی ہیڈن کی محبت نیشنل رگبی لیگ کے دوران پروان چڑھی جسے ان دونوں نے خفیہ رکھا تھا۔

تاہم جوڈی ہیڈن نے 2022 کے انتخابی مہم کے دوران بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس میں انتھونی البانیز نے کامیابی حاصل کی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق جوڈی ہیڈن کئی ملکی و غیر ملکی سرکاری دوروں پر آسٹریلیوی وزیر اعظم کے ساتھ دیکھی گئی ہیں۔

Scroll to Top