تل ابیب، تہران:اسرائیل نے جنگ بندی نفاذ کے چند گھنٹوں بعد ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کا الزام لگا دیا، اسرائیلی وزیر دفاع نے تہران کو نشانہ بنانے کا حکم دے دیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد عوام کو اگلے نوٹس تک محفوظ مقام پر جانے کی ہدایات کر دی گئی ہیں جبکہ دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کے لیے فعال ہے۔
ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں سے 11 اسرائیلی ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے، ایرانی میزائل نے ایک عمارت کو نشانہ بنایا جو مکمل تباہ ہو گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کو ایران پر حملے کا حکم دے دیا گیا ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر تہران کے مرکز میں اہداف پر حملوں سے جواب دیں گے۔دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران نے جنگ بندی خلاف ورزی کے اسرائیلی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد اسرائیل پر میزائل حملے کی خبر جھوٹی ہے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف عبدالرحیم موسوی نے گذشتہ چند گھنٹوں میں اسرائیل کی جانب کوئی بھی میزائل داغنے کی تردید کی ہے۔
اس سے قبل ایرانی سرکاری میڈیا نے اسرائیلی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے جنگ بندی کے نفاذ کے بعد اسرائیل پر کوئی میزائل نہیں داغا ہے۔ایران کی قومی سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ مزید کسی بھی جارحیت کا ایران کی جانب سے فیصلہ کن، سخت اور بروقت جواب دیا جائے گا۔