اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے پناہ گزین اسکول کا محاصرہ کر کے گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیل کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بھی بمباری جاری ہے، متعدد شہادتوں کا خدشہ ہے۔
ادھر ال امل اسپتال کا محاصرہ آٹھویں روز بھی جاری ہے۔ اسپتال کے اطراف اسرائیلی فوج کی فلسطینی مزاحمت کاروں سے شدید لڑائی ہو رہی ہے۔
دریں اثنا اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ واقعے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا، متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔
شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانے پر اسرئیل نے فضائی حملہ کیا جس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل میں فوجی اڈوں کو ٹینک شکن میزائلوں سے نشانہ بنایا۔