اداکارہ سومی علی کا اپنے ساتھ ہوئے استحصال کا انکشاف

اداکارہ سومی علی کا اپنے ساتھ ہوئے استحصال کا انکشاف
فوٹو: فائل

ملیالم فلم انڈسٹری میں خواتین کے استحصال پر ہیما کمیٹی کی رپورٹ میں جنوبی بھارت کی اس فلم انڈسٹری میں بدسلوکی کے واقعات سامنے آنے کے بعد کئی اداکاروں نے اپنے ذاتی تجربات شیئر کرنا شروع کردیے۔ 

ایسے میں ماضی میں سلمان خان کی گرل فرینڈ سمجھی جانے والی اداکارہ سومی علی نے بھی لب کشائی کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھی فلم انڈسٹری میں بدسلوکی کے واقعات کا سامنا کیا۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران سومی علی کا کہنا تھا کہ “مجھے ذاتی طور پر #MeToo واقعات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں مجھے یہ وارننگ دی گئی کہ اگر میں اپنے کیریئر کو آگے بڑھانا چاہتی ہوں تو مجھے ایک مخصوص شخص کے پاس جانا ہوگا۔”

انہوں نے کہا کہ میں نے بھی انتہائی شرمندگی کے مناظر دیکھے ہیں۔ خواتین کو صبح سویرے ہوٹلوں سے پریشانی کے عالم میں باہر آتے دیکھا ہے، ان خواتین کو نامور لوگوں نے، جن میں اداکار بھی شامل ہیں، استحصال کا نشانہ بنایا۔ استحصال کرنے میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو تہذیب کے ساتھ اپنی خاندانی زندگی گزارتے نظر آتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ “میرا تجربہ صرف ایک کہانی ہے اور فلم انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ ہونے والے سلوک، چاہے وہ کیرالہ میں ہو یا کہیں اور، یہ ظاہر کرتا ہے کہ نظام میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔”

انکا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ “ہیما کمیٹی کی رپورٹ انڈسٹری کےلیے ایک بیداری کا باعث بنے گی تاکہ وہ خواتین اور مردوں کی حفاظت کرے، جو بدسلوکی کا شکار ہوتے ہیں تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے کام کر سکیں۔”

Scroll to Top